پاکستان

اسپیکر نے ن لیگ کی خوفزدہ قیادت کو بے نقاب کردیا، شیخ رشید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نام نہاد جمہوریت بے نقاب ہو گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیخ رشید نے کہاکہ جو اسپیکر کہتا تھا کہ میں ایک ایک کا استعفیٰ منظور کروں گا اس نے 35 استعفے منظور کر کے ن لیگ کی خوفزدہ قیادت کو بے نقاب کر دیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ جس طرح ملک تباہی کی طرف جارہا ہے، اگر بروقت قدم نہ اٹھایا تو یہ ملک بدنظمی اور معاشی تباہی کی طرف چلا جائے گا۔شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اسمبلیوں میں جانے کا نام لیا تو ان کے چھکے چھوٹ گئے اور حکومت نے 35 ممبروں کا استعفیٰ الیکشن کمیشن سے منظور کرا کے خود کو مزید گندا کر دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ حکمران جو مرضی چال چل لیں، حالات کی سنگینی ایسی ہے کہ الیکشن کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ جمعرات کو لندن میں پریس کانفرنس کروں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 34 اراکین اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید کے استعفے منظور کرنے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ایوانِ زیریں کے ان اراکین کو ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔

متعلقہ خبریں