پی ڈی ایم نے عورتوں کو جلسے میں آنے کی اجازت نہیں دی: شہباز گِل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعظم عمران خان کے ترجمان و معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم نے عورتوں کو جلسے میں آنے کی اجازت نہیں دی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشہباز گل نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم پر طنز کے تیر برساتے ہوئے کہا ہے کہ مریم صاحبہ عورتوں کو حقوق دلوانے نکلی تھیں جبکہ وہ جلسوں تک میں نہیں آسکتیں،انہوں نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے خواتین کے خلاف بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں، پی ڈی ایم کیا سوچتی ہے میڈیا کو بتائے، 2018ء سے پی ڈی ایم نے کئی تحریکیں چلائیں،

جو سب ناکام ہوئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت میں مریم نواز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کو منہ بولا بھائی بنایا، ان کے ساتھ کیا ہوا سب کو معلوم ہے۔وزیرِ اعظم کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ مریم نواز میٹنگ میں بیٹھ کر عورتوں کے حقوق سلب کرنے پر خاموش رہیں، آزاد کشمیر میں انہیں عبرت ناک شکست ہوئی۔ یہ بھی پڑھیں: پولیس کا احتجاجی ڈاکٹروں پر پیپر سپرے اور شیلنگ، 2 ڈاکٹرز بے ہوش