علی زیدی کی بلدیاتی حکومت سے متعلق جماعت اسلامی سے رابطوں کی تصدیق


کراچی (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے بلدیاتی حکومت سے متعلق جماعت اسلامی سے رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے کو حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کے بعد معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے ساتھ مل کر ہم پر حملہ کیا گیا اور مقدمہ بھی ہم پر درج کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آر او کیماڑی کے دفتر کے باہر احتجاجی کارکنان پر حملہ کیا گیا، پتھراؤں سے صحافیوں کے سر پھٹے انکو ہم نے باہر نکالا۔
علی زیدی کی جماعت اسلامی سے رابطوں کی توثیق
علی زیدی کا کہنا تھا کہ چار یوسیز میں دوبارہ گنتی کے بعد تحریک انصاف کامیاب ہوئی ہے۔بلدیاتی حکومت سے متعلق سوال پر علی زیدی نے جماعت اسلامی سے رابطوں کی توثیق کی اور کہا کہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے رابطہ ہوا ہے، ہفتے کو وہ ہمارے پاس آرہے ہیں، پہلے دوبارہ گنتی ہوگی پھر بات ہوگی۔
پیپلز پارٹی سے کوئی بات نہیں ہوگی
علی زیدی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سے کوئی بات نہیں ہوگی، پیپلز پارٹی شہید بے نظیر کے ساتھ گڑھی خدا بخش میں دفن ہوچکی ہے، اب جو ہے وہ زرداری مافیا ہے اور کسی چیز پر زرداری مافیا سے ڈیل نہیں ہوسکتی۔
اس سے قبل ڈی آر او کیماڑی کے دفتر کے باہر پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنان کے درمیان تصادم کے بعد مقدمے میں ضمانت کے لئے تحریک انصاف کے صوبائی صدر علی زیدی انسداد دہشتگردی عدالت میں پہنچے۔عدالت نے 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض علی زیدی کی عبوری ضمانت منظور کی اور 28 جنوری تک پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔