اب پیچھے مڑکر دیکھنے کا وقت نہیں جارحانہ انداز اپنانا ہوگا، نواز شریف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا ہے کہ اب پیچھے مڑکر دیکھنے کا وقت نہیں ہے، سیاسی مستقبل کے لئے جارحانہ انداز اپنانا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی زیر صدارت لندن اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے جس کا فوکس مسلم لیگ ن کا سیاسی مستقبل تھا۔
نواز شریف نے بعض امور پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا اور کہا کہ میری بات مان لی جاتی اور عمران خان کی حکومت مدت پوری کرتی تو حالات مختلف ہوتے لیکن اتحادیوں کی مدد سے ملک بچانے کے لئے حکومت لینا پڑی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بعض فیصلے درست نہیں تھے جس کی وجہ سے سیاسی نقصان ہوا ہے جبکہ اعتماد کے ووٹ والا معاملہ بھی بہتر انداز میں ہینڈل ہوسکتا تھا لیکن اب دور رس اور قابل عمل جرات مندانہ فیصلوں سے ن لیگ کو پورے پاکستان میں آگے لانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاہتا ہوں کہ اعلیٰ عدلیہ میرے ساتھ کی گئی نا انصافی کا ازالہ کرے،مجھے جب کہیں گے وطن واپس آجاؤں گا۔نواز شریف نے کہا کہ معاشی صورتحال پر بہت پریشان ہوں مگر اس تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے لیکن عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات چاہتا ہوں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز لندن میں نواز شریف کی زیر صدارت ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر داخلہ نے بھی شرکت کی ۔
اجلاس میں مریم نواز کی وطن واپسی اور پنجاب میں مسلم لیگ ن کی سیاسی کارکردگی پر بھی مشاورت کی گئی۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کا حشر خراب کرگئے ہیں، ان کے چار سالہ دور میں لوگ بدحال ہوئے لیکن پاکستان مشکلات سے باہر نکلے گا اور ہم نکالیں گے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کے توشہ خانہ اور دیگر کیسز میں تحقیقات ہورہی ہیں، اس پر لوگوں کی گرفتاری بنتی ہے تو ادارے گرفتار کریں۔انہوں نے کہا کہ ابھی پنجاب میں انتخابات کا اعلان نہیں ہوا ہے لیکن ہوسکتا ہے کہ الیکشن تین ماہ میں بھی نہیں ہوں۔