الیکشن کو کالعدم قرار دے کر دوبارہ نیا الیکشن کروایا جائے، وسیم اختر


کراچی (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات دوبارہ کروانے کا مطالبہ کردیا۔ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کو کالعدم قرار دے کر دوبارہ نیا الیکشن کروایا جائے۔ وسیم اختر نے کہا کہ الیکشن پانچ دن پہلے ہوا لیکن تا حال نتائج نہیں آئے، الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق 4 دن میں نتیجہ جاری ہونا چاہیے، فافن رپورٹ اور الیکشن کمیشن سمیت سب کہہ رہے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی۔
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ الیکشن سے پہلے ہی نہیں بعد میں بھی دھاندلی کی جا رہی ہے، ووٹنگ ٹرن آؤٹ بڑھانے کیلئے مختلف طریقے اپنائے جا رہے ہیں، تین بار الیکشن ملتوی ہوئے پھر بھی حلقہ بندیاں ٹھیک نہیں کی گئیں، کراچی اور حیدرآباد کے ساتھ بلدیاتی انتخابات میں نا انصافی ہوئی۔
وسیم اختر نے کہا کہ حکومت سندھ نے غفلت کی، ایم کیو ایم درست ووٹر لسٹیں چاہتی ہے، ایم کیو ایم نے بائیکاٹ کیا تو ٹرن آؤٹ کم رہا، 2015 کے بلدیاتی انتخابات سے موازنہ کریں تو حالیہ الیکشن میں بہت کم ووٹ کاسٹ ہوئے، ووٹنگ کی شرح بڑھانے کیلئے دھاندلی کی جا رہی ہے، الیکشن کمیشن آنکھوں میں دھول جھونکنے میں بھی نا کام ہو چکا۔