پنجاب

سارے ڈاکو اپنے کیسز معاف کروا رہے ہیں، عمران خان


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نامور ڈاکوؤں کو سازش کے تحت اوپر بٹھایا گیا، سارے ڈاکو اپنے کیسز معاف کروارہے ہیں۔لاہور میں وکلا سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انہوں نے نیب قوانین میں شق وار تبدیلیاں کی ہیں، بند کمروں میں بیٹھے لوگ انصاف کو روک رہے ہيں، وہ اتنے طاقتور ہیں کہ پولیس ایف آئی آر نہیں کاٹ سکتی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی کے لیڈر پر قاتلانہ حملہ ہوتا ہے لیکن اسے انصاف نہیں ملتا، اگر مجھے انصاف نہیں مل سکتا تو عام آدمی کے ساتھ کیا ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں اتنا بڑا بحران نہیں آیا جو آج ہے، یہ بحران پیدا کیا ہوا ہے یہ قدرتی بحران نہیں، ایک آدمی کے فیصلے کی وجہ سے یہ سارا بحران شروع ہوا، اقتدار میں جو بیٹھے ہیں یہ سب نا کام ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب نے امید لگائی ہوئی ہے کہ سعودی عرب، چین سے پیسے مل جائیں، جنیوا میں بھی سب نے یہی کوشش کی کہ پیسے مل جائیں، جنیوا میں سب نےکہا کہ ہم موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہیں، پیسے دیں۔ عمران خان نے کہا کہ میں نے ساڑھے 3 سال میں اتنے دورے نہیں کیے جتنے شہباز شریف نے 4 ماہ میں کیے، 90ء تک پاکستان کے سارے اشاریے برصغیر میں سب سے آگے تھے، ہمارے پاس ملک کی تاریخ کے سب سے کم ذخائر رہ گئے ہیں، کوئی تصور نہیں کر سکتا تھا کہ ہم اتنا نیچے جا سکتے ہیں، ہمارے پاس ایل سیز کھولنے کیلئے پیسے نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو کوئی پیسے دینے کو تیار نہیں، آئی ایم ایف پیسے تب دے گا جب ان کی شرائط مانیں گے، آئی ایم ایف کی شرائط مانی تو مہنگائی اور بڑھ جائے گی، روپیہ گرے گا تو تیل اور ڈیزل کی قیمتوں میں اور اضافہ ہوگا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جب سے یہ 2 خاندان آئے ان کی دولت میں اضافہ ہوا، یہ ساری دنیا کے چکر لگا رہے ہیں لیکن انہیں پیسے نہیں مل رہے، ان کے پاس معیشت ٹھیک کرنے کا کوئی طریقہ نہیں، سعودی عرب نے بیان دیا کہ اب ایسے پیسے نہیں دیں گے جیسے پہلے دیتے تھے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں ملک سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کر رہا تھا، جو لوگ ملک کے ادارے تباہ کرتے ہیں وہ ادارے ٹھیک نہیں کر سکتے، بیرون ملک پاکستانیوں نے سب سے زیادہ میری مدد کی، سیلاب متاثرین کیلئے آدھے سے زیادہ پیسے بیرون ملک پاکستانیوں نے بھیجے، ہم جب گئے تو اس وقت ملک کی ترسیلات 21 ارب ڈالر تھیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی پیسے بھیج رہا ہے لیکن سرمایہ کاری نہیں کر رہا۔
انہوں نے کہا کہ جس ملک میں قانون کی عملداری نہیں ہو گی وہاں سرمایہ کاری کون کرے گا، سینیٹر اعظم سواتی پر پوتے پوتیوں کے سامنے تشدد کیا گیا، 75 سال کے آدمی کے ساتھ صرف ایک ٹوئٹ پر یہ سب ہوا ہے، پاکستان میں ایک سینیٹر کے ساتھ جو کچھ ہوا اس سے دنیا میں بدنامی ہوئی۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہم اتنے گر گئے کہ ہمارا وزیراعظم ہندوستان سے دوستی کی بات کر رہا ہے، انہوں نے اپنا پیسا باہر رکھا ہوا ہے اور دوسروں کو کہہ رہے ہیں پیسے لاؤ۔

متعلقہ خبریں