پنجاب

پیر امین الحسنات ن لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل


لاہور (قدرت روزنامہ)سرگودھا سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیت پیر امین الحسنات شاہ نے پاکستان مسلم لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔اس موقع پر منعقدہ تقریب میں پی ٹی آئی رہنماؤں اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری نے پیر امین الحسنات شاہ کی پارٹی شمولیت کا خیر مقدم کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نارتھ پنجاب سے ن لیگ کا پہلے ہی صفایا ہو چکا تھا، رہی سہی کسر آج پوری ہو گئی، ہم نے جلسے کا انتظام نہیں کیا تھا، لیکن باہر جلسہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جو حالات ہیں الیکشن ہی ان کا واحد حل ہے، جب تک سیاست ٹھیک نہیں ہوتی، معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی، بند کمروں میں فیصلوں سے ملک میں سیاسی صورتِ حال خراب ہوئی۔فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے کمرے میں سرنگ بنائی ہوئی ہے، ہم جب ان سے ملاقات کے لیے جاتے ہیں تو وہ سرنگ سے چلے جاتے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ اس وقت ملک میں تاریخ ساز تحریک چل رہی ہے، پاکستان کی بہتری کے لیے پیر حسنات کے ساتھ سفر جاری رکھیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئین کہتا ہے کہ جب 2 اسمبلیاں تحلیل ہو گئیں تو 90 روز کے اندر اندر الیکشن کرانا لازم ہے، اگر 90 روز کے اندر اندر الیکشن نہیں کرائے جاتے تو یہ آئین سے متصادم ہے، بلوچستان اور سندھ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے رکن مستعفی ہوجائیں گے تو 64 فیصد سیٹیں خالی ہو جائیں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک کی ضرورت یہی ہے کہ فی الفور انتخابات کرائے جائیں، پاکستان کے 71 فیصد عوام فوری الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، کراچی جیسے الیکشن اگر ہوتے ہیں تو ان کی وقعت نہیں رہے گی، جمہوریت کی ساکھ متاثر ہو گی، کے پی کے اور پنجاب اسمبلی کے ٹوٹنے کے بعد 90 دن میں الیکشن لازمی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے بھی بلدیاتی انتخابات کو مسترد کر دیا، جماعتِ اسلامی کی لیڈر شپ بھی پیپلز پارٹی کے سائے سے اپنے آپ کو بچانا چاہتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی جیسے انتخابات کرائے گئے تو ان کے ملک پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، عوام انہیں قبول نہیں کریں گے، حکومتی حلیف ایم کیو ایم نے بھی بلدیاتی انتخابات کو مسترد کر دیا، جو الیکشن کی راہ میں رکاوٹ ہیں وہ ملک کو مزید معاشی بحرانی کیفیت میں دھکیل رہے ہیں، 90 دن میں الیکشن نہ کرانا آئین شکنی ہو گی۔پیر امین الحسنات شاہ نے کہا کہ میرا جس پارٹی سے تعلق رہا ہے، وہاں اچھا وقت گزرا، امید ہے کہ اگلا سفر بھی اچھاہی گزرے گا۔

متعلقہ خبریں