پاکستان کی تمام عدالتوں نے عمران خان کے الزامات ردی کی ٹوکری میں پھینک دیے، مریم اورنگزیب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام عدالتوں نے عمران خان کے الزامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا ہے۔عمران خان کے بیان پر ردعمل میں مریم اورنگزیب نے استفسار کیا کہ آپ نے 4 سال میں الزامات ثابت کیوں نہیں کیے؟ آپ چور کیوں ثابت نہ کرسکے؟
انہوں نے کہا کہ اب صرف چور کہنے سے بات نہیں بنے گی، 4 سال تمام طاقت ہونے کے باوجود آپ ایک الزام ثابت نہیں کر سکے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان نے قومی احتساب بیورو (نیب) چیئرمین کو بلیک میل کر کے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں الزامات جھوٹ ثابت ہوئے، ایک ثبوت پیش نہ کرسکے جبکہ ہم نے مافیا اور بڑے بڑے ڈاکوؤں سے ملک کو پاک کیا ہے۔مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ انگلینڈ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) اور برطانوی عدالت نے آپ کے الزامات مسترد کیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 40 سال کا حساب دیا، ایک الزام ثابت نہ ہوا، بنی گالہ میں عدالت لگائیں، خود جج بن جائیں اور وکیل بھی، تب بھی آپ کے جھوٹے الزامات ثابت نہیں ہوں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ اِس قوم کی مہنگائی، قرضے، معاشی تباہی اور بیروزگاری کے مجرم ہیں۔