بدلتے موسم میں خشک جلد سے کیسے نجات حاصل کی جائے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) موسم کی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ جہاں ہمارے اٹھنے بیٹھنے، پہننے اوڑھنے ، جاگنے سونے کے انداز تبدیل ہوتے ہیں وہاں ہماری جلد پر بھی موسم کی تبدیلیاں براہ راست اثر انداز ہوتی ہیں۔چند ٹوٹکوں پر عمل کرکے آپ اپنی جلد کو بدلتے موسم کے اثرات سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ایلو ویرا ہر طرح کی جلد اور ہر موسم کے لئے یکساں مفید ہوتا ہے۔جیسے ہی موسم تبدیل ہونا شروع ہوں دن میں ایک دفعہ ایلو ویرا چہرے پر ضرور لگائیں۔یہ نا صرف جلد کو ٹھنڈک دے گا بلکہ ہر موسم کی سختی کے اثرات سے بھی محفوظ رکھے گا۔موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ خشک ہوا ،مٹی اور گرد ودھول جلدکو مزیدبے جان کر دیتی ہے،جلد کی صفائی اور چمک پیدا کرنے کے لئے کیمیکل اسکرب جلد کو مزید خشک کر سکتے ہیں۔اس لئے اپنی جلد کی مناسبت سے گھر میں ہی اسکرب تیار کریں ،بیسن ،شہد اور لیموں کے رس سے بنا ماسک ہر موسم اور ہر جلد کو نکھار دیتا ہے۔اس کے علاوہ بھاپ لینے سے بھی جلد کے مردہ خلیے دور ہوتے ہیں۔یوں تو اینٹی آکسیڈنٹ ڈرنک کا استعمال ہر موسم میں اور ہر روز کرنا چاہئے لیکن جب موسم تبدیل ہو رہاہو تو ان دنوں اینٹی آکسیڈنٹ ڈرنک کا استعمال یقینی بنائیں۔صبح ایک کپ گرم پانی میں آدھا لیموں کا رس ڈال کر پینے سے جلد کو نئی تازگی ملتی ہے۔اینٹی آکسیڈنٹ کریم (وٹامن سی سیرم یا وٹامن اے کریم )کے استعمال سے بھی جلد کو حفاظتی تہہ ملتی ہے او موسم کے اثرات جلد کو متاثر نہیں کرتے۔عام طور پر موسم کی تبدیلی کے دنوں میں دن میں گرمی اور رات میں ٹھنڈک ہوتی ہے ایسے میں جلد کو موائسچرائز کرنے کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔باڈی لوشن یا کریم میں چند وٹامن ای کیپسول کامحلول شامل کرنے سے جلد دیر تک نرم وملائم رہتی ہے۔س کے علاوہ بدلتے موسم کے اثرات سے جلدکو بچانے کے لئے ڈیپ نرشنگ کریم کا روزانہ استعمال کرنا چاہئے۔گلیسرین بھی ڈیپ موایسچرائزر کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہے۔