پی سی بی نے محمد عامر کو قومی ٹیم میں کم بیک کیلئے گرین سگنل دیدیا
لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی عبوری کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو قومی ٹیم میں کم بیک کیلئے گرین سگنل دے دیا۔گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامر قومی ٹیم میں کم بیک کرسکتے ہیں تاہم انہیں پہلے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینا ہوگا۔
محمد عامر نے سال 2020 میں انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے سلوک پر صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی نے بریفنگ کے دوران کہا کہ میچ فکسنگ کے حوالے سے میرا موقف بہت سخت ہے تاہم عامر سزا بھگت چکے ہیں، انکے کیلئے قومی ٹیم میں واپسی کے دروازے کھلے ہیں۔
قبل ازیں سابق چیف سلیکٹر اور کپتان انضمام الحق نے بھی محمد عامر کی حمایت میں سامنے آئے تھے اور انکا کہنا تھا کہ عامر کی فٹنس اچھی ہے تو انہیں کم بیک کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے 2009 میں انگلینڈ کے خلاف بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا تھا، پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد عامر نے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 50 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیل رکھے ہیں، وہ اس وقت بنگلہ دیش پریمئیر لیگ میں سہلٹ اسٹرائیکرز کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔