عمران خان کی گرفتاری ملک میں آگ لگانے کے مترادف ہوگی، صدر مملکت عارف علوی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری ملک میں آگ لگانے کے مترادف ہوگی . لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے خیال ظاہر کیا کہ عمران خان یا کسی بڑے رہنما کی گرفتاری سے مزاحمت ہوگی، عمران کو خدشہ ہے کہ الیکشن آگے کر دیے جائیں گے .


انہوں نے کہا کہ سیاست دان مذاکرات کیلئے نہ بیٹھنا چاہیں تو کتنی بار کہوں؟ عمران خان مذاکرات سے انکاری نہیں لیکن حکومت کی طرف سے کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی، ڈیرھ ماہ سے حکومت کی جانب سے خاموشی ہے . صدر عارف علوی نے کہا کہ میں یہاں تک کہہ چکا ہوں فوری الیکشن میں سے ’فوری‘ نکال کر بات کرلیں .
ان کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب سے صوبائی الیکشن کی تاریخ پر بات ہوئی، گورنر کا کہنا ہے اسمبلی توڑنے پر دستخط کرتے تو انہیں تاریخ دینی تھی، وہ کوئی غیر آئینی کام نہیں کریں گے . صدر مملکت نے کہا کہ فواد چوہدری کو جس انداز میں گرفتار کیا گیا وہ درست نہیں تھا، ہتھکڑیاں لگا کر اور منہ پر کپڑا ڈالنے پر شرم آنی چاہیے . ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو اپنی عزت بحال کرانے کیلئے پولیس کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے .
انہوں نے کہا کہ مجھ پر اعتراض ہوگا تو پولیس بلانے کے بجائے اپنی کارکردگی ٹھیک کروں گا، الیکشن کمیشن پر اعتراض ہوگا تو کیا پولیس بلائی جانی چاہیے؟صدر نے مزید کہا کہ مجھے ایسا نہیں لگ رہا کہ حکومت اعتماد کا ووٹ نہ لے سکے .

. .

متعلقہ خبریں