علی امین گنڈا پور نے اپنی آڈیو لیک کی تصدیق کردی


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور نے اپنی وائرل آڈیو لیک کی تصدیق کردی۔گزشتہ روز سوشل میڈیا پر علی امین گنڈا پور کی ایک آڈیو لیک سامنے آئی تھی جس میں انہیں امتیاز نامی شخص سے گفتگو کرتے سنا جاسکتا ہے۔
آڈیو لیک میں علی امین گنڈاپور کو حکومتی فنڈ جاری ہونے کے بعد اپنے کروڑوں روپے کا حصہ بھیجنے کا کہتے سنا جاسکتا ہے جس پر کال پر موجود شخص انہیں 16 کروڑ بھجوانے کی یقین دہانی کرواتے بھی سنا جاسکتا ہے۔ آڈیو لیک میں آگے علی امین گنڈا پور اسی شخص سے 25 کروڑ اپنے سوات کے حلقے میں بھیجنے کا کہہ رہے ہیں۔


اب علی امین گنڈا پور نے اس وائرل آڈیو لیک کی تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ جاری ترقیاتی اسکیموں کےلیے سرکاری آفیشل اکاؤنٹ سے ریلیز کے بارے میں پی اینڈ ڈی کے عہدیدار کے ساتھ ان کی آڈیو جعلی یا ٹیمپر نہیں اصلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیکن کون یہ لیک اور ہماری پرائیویسی کی مانیٹرنگ کررہا ہے، جعلی آڈیو اور ویڈیو کے ساتھ گندا کھیل کھیل رہا ہے، انہیں شرم آنی چاہیے۔