عمران خان اپنی سیاست بچانے کیلئے لڑائی چاہتے ہیں، قمر زمان کائرہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے مشیر برائے آمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی سیاست بچانے کیلئے لڑائی چاہتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے الزام تراشییوں کا سلسلہ پرانا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عمران یو ٹرن لینے کی بجائے قلابازیاں کھا رہے ہیں، وہ سیاستدان نہیں فاشسٹ سوچ کے مالک ہیں، ان کی سیاست دفن ہو چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران ہمیشہ سے اداروں پر حملے کرتے آئے ہیں ، اس سے پہلے بھی عالمی سازشوں اور مقامی سازشوں کی مہم چلائی گئی تھی اور اداروں کو غدار کہنا ان کا وطیرہ بن چکا ہے ۔
رہنما پی پی نے کہا کہ عمران خان کی سیاست جمہوری نہیں ہے، انہوں نے جو الزام لگایا ہے کہ ہم نے دہشت گرد تنظیموں کو پیسے دیئے یہ انتہائی گھناونا الزام ہے اور ہم اس کی شدید مزمت کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سوچے سمجھے بغیر آصف زرداری پر الزامات لگائے ہیں ان کے خلاف قانونی نوٹس بھیجیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پر لگنے والے الزام پر قانونی چارہ گوئی کی جائیگی اور ہمارا مطالبہ ہے کہ عدلیہ اس کا نوٹس لے اور اس معاملے کی تحقیقات کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم کے دور اقتدار میں کوئی سیاسی گرفتاری نہیں ہوئی ہے تاہم فواد چوہدری کی گرفتاری الیکشن کمیشن کی درخواست پر ہوئی ہے ۔
فرحت اللہ بابر
اس موقع پر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اقتدار سے محروم ہونے کے بعد دماغ ختم ہوگیا ہے ، اس لیے ایسی باتیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے الزامات کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان کے الزامات کیخلاف عدالت جائیں گے۔
نیئر بخاری
رہنما پیپلز پارٹی نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ الزامات کی سیاست کی ہے اور بے بنیاد الزامات پر عمران خان اپنا مذاق خود بنوا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے الزامات بےبنیاد اور جھوٹے ہیں، پیپلزپارٹی لوگوں کو جسمانی طور پر ختم کرنے کی مخالفت کرتی ہے۔