عمران خان نے آصف زرداری پر الزام لگا کر نیا پینترا بدلا: خواجہ آصف


سیالکوٹ (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے آصف زرداری پر انہیں قتل کرانے کی سازش کا الزام لگا کر نیا پینترا بدلا ہے۔سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کا رُخ تشدد کی طرف موڑنے کی کوشش کی ہے، ہماری سیاست میں ایسے واقعات نہ پہلے ہوئے اور نہ آئندہ ہوں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی اختلافات ہوتے رہتے ہیں اور آئندہ بھی ہوتے رہیں گے، عمران خان نے نیا پتہ کھیلا ہے جس سے خون خرابا ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کی معاشی تباہی کا ذمے دار ہے، اس کا الزام امریکا سے شروع ہو کر محسن نقوی پر آ گیا ہے۔وزیرِ دفاع نے کہا کہ اگر سیاسی طور پر بات کریں گے تو کوئی ایکشن نہیں لے گا، اداروں کو دھمکیاں دیں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ یہ اپنے وقت میں فرمائشی پروگرام کرتے تھے، کہتے تھے ان کو پکڑ کر لے آؤ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ علوی صاحب کو بلا کر کہتے ہیں کہ میری فوج کے ساتھ ملاقات کراؤ، اسی ادارے اور سربراہ کو گالی دیتے ہیں، پھر ان ہی سے ملاقات کے لیے کہتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ان لوگوں نے اب خط و کتابت شروع کر دی ہے، جن کا آئین پر ایمان ہو تو وہ اِدھر اُدھر خط نہیں لکھتے۔ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہم نے جعلی نہیں اصلی استعفے منظور کیے ہیں، ہم آواز دیتے رہے کہ آؤ، استعفے منظور ہو گئے تو دوڑے دوڑے آ گئے۔