پشاور پولیس لائن کی مسجد میں خودکش دھماکے میں 2 افراد شہید، 50 زخمی


پشاور (قدرت روزنامہ) تھانہ پولیس لائن کی مسجد کے اندر خود کش دھماکے کے باعث دو افراد شہید اور 50 افراد زخمی ہوگئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا عین ظہر کی نماز کے وقت ہوا جس کی نوعیت کا معلوم کیا جا رہا، دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
دھماکے کے بعد پشاور کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، زخمیوں اور لاشوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔اسپتال ترجمان محمد عاصم کے مطابق دھماکے کے تقریباً 50زخمیوں کو ایل آر ایچ لایا گیا ہے جبکہ دو افراد کی لاشیں بھی منتقل کی گئی ہیں۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک ہے البتہ زیادہ تر کی حالت تسلی بخش ہے، زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔


پولیس کے مطابق دھماکے کی شدت کے باعث مسجد سے متصل کینٹین کی چھٹ بھی گر گئی، ملبہ ہٹانے کے لیے کرین منگوائی گئی ہے۔حملہ آور نمازیوں کے ساتھ ساتھ تھانے کے مرکزی دروازے سے داخل ہوکر تین سے چار حفاظتی لائن عبور کرکے مسجد میں داخل ہوا۔ دھماکے کے بعد تھانہ پولیس لائن کے مرکزی دروازے کو بند کر دیا گیا ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ریسکیو اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔