پاکستان

انتخابات سے قبل دہشتگردی کے واقعات معنی خیز ہیں، بلاول بھٹو زرداری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی اور عام انتخابات سے قبل دہشت گردی کے واقعات معنی خیز ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ہی دہشت گردوں کا علاج ہے، اس پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت دی ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکن اور عہدے دار خون کے عطیات دے کر زخمیوں کی جان بچائیں۔
واضح رہے کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق پشاور کی پولیس لائنز میں واقع مسجد میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے 25 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 90 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق پولیس لائنز کی مسجد میں باجماعت نمازِ ظہر ادا کی جا رہی تھی جس کے دوران پہلی صف میں موجود خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔خود کش دھماکے سے پولیس لائن کی مسجد کی چھت منہدم ہو گئی، جس کے ملبے تلے متعدد افراد ابھی بھی دبے ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں