اسلام آباد(قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی ضمانت منظور کر لی گئی . فواد چوہدری کی درخواست ضمانت پر ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے سماعت کی، فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان عدالت کے سامنے پیش ہوئے .
سینیئر وکیل سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان اور تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت کے سامنے پیش ہوئے . عدالت نے 20 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے فواد چوہدری کو رہا کرنے کا حکم دیا . جج فیضان گیلانی نے ریمارکس دیے کہ اس شرط پر ضمانت دے رہا ہوں کہ فواد چوہدری یہ گفتگو دوبارہ نہیں دہرائیں گے .
دوران سماعت، الیکشن کمیشن اور پراسیکیوشن نے فواد چوہدری کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی تھی . فواد چوہدری کی ضمانت منظور ہونے کے بعد فیصل چوہدری نے اسلام آباد کچہری میں کارکنان کو ہدایت کی کہ ابھی ہم اڈیالہ کی طرف نکلیں گے .