کیارا ایڈوانی کا عروسی لباس منیش ملہوترا ڈیزائن کریں گے؟


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی مشہور جوڑی اداکار سدھارتھ ملہوترا اور اداکارہ کیارا ایڈوانی کی شادی کی خبریں پچھلے کافی عرصے سے بھارتی میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔کیارا ایڈوانی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر وائرل ہو رہی ہے۔
اداکارہ کو اس ویڈیو میں سیاہ رنگ کی بڑے سائز کی سوئٹ شرٹ اور پینٹ میں ملبوس مشہور ڈیزائنر منیش ملہوترا کی رہائش گاہ سے باہر نکل کر اپنی گاڑی میں بیٹھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔یہ ویڈیوز وائرل ہونے کہ بعد بھارتی میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ اداکارہ وہاں پر اپنے عروسی لباس کی تیاری کے سلسلے میں گئی تھیں اور بہت جلد ہی یہ جوڑی اپنی شادی کا باقاعدہ اعلان کرنے والی ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس جوڑے نے اپنی شادی کے لیے منیش ملہوترا سے اپنی پسند کے مطابق خصوصی ملبوسات تیار کروائے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق، سدھارتھ ملہوترا اس وقت اپنے آبائی شہر دہلی میں آخری مراحل میں موجود اپنی شادی کی تیاریوں کو مکمل کروانے میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اس جوڑی کی شادی راجستھان میں ہوگی جبکہ شادی کی تقریبات کو پنجابی روایات کے مطابق منعقد کیا جائےگا۔