جب پریتی زنٹا نے آسٹریلوی کرکٹر بریٹ لی سے قریبی تعلقات کی خبروں پر خاموشی توڑی


ممبئی(قدرت روزنامہ)کیا آپ جانتے ہیں کہ ماضی میں بالی وڈ کی مقبول ڈمپل گرل پریتی زنٹا اور سابق آسٹریلوی کرکٹر بریٹ لی کے درمیان رومانوی تعلقات کی خبریں اس قدر سرگرم تھیں کہ اداکارہ کو اس کی وضاحت دینا پڑی۔
یہ افواہیں اس لیے بھی سامنے آئی تھیں کہ بریٹ لی بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل میں کنگز 11 پنجاب کے کھلاڑی تھے جس کی مالک پریتی زنٹا ہیں، ان دنوں بریٹ اور پریتی کی ایک تصویر خاصی وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں ڈنر کرنے گئے ہوئے تھے۔
2011 میں بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں پریتی زنٹا نے ان خبروں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‘میں کبھی کوئی کام چھپ کر نہیں کرتی اور اگر میرا ان کے ساتھ کوئی رشتہ ہے بھی تو میں کیوں چھپاؤں گی، یہاں تک کہ میں سنگل ہوں’۔
اداکارہ نے وضاحت دی کہ ‘میں ڈنر پر کسی اور دوست کے ساتھ گئی تھی، وہاں ہمیں بریٹ ملا اور اس نے ہمیں جوائن کرلیا لیکن تصویر لینے والے کو صرف میں اور بریٹ لی نظر آئے’۔انہوں نے اُس وقت کہا کہ ‘میں لی کو گزشتہ 7 برس سے جانتی ہوں اور وہ تین سال سے میری ٹیم میں ہیں، گویا اب وہ شاہ رخ کی ٹیم میں چلے گئے ہیں لیکن اب تک وہ میرے دیرینہ دوست ہیں’۔
پریتی کا کہنا تھا کہ ‘بریٹ گٹار پر گانے گاتا ہے، اسے بالی وڈ فلمز بھی کافی پسند ہیں اور وہ ہر طرح سے میرا ساتھ دیتا ہے، یہ ہمیشہ آئی پی ایل کے دوران ہی ایسی افواہیں کیوں آتی ہیں؟ میں باقی سارا سال کیا کرتی رہتی ہوں؟ کیا کبھی کوئی لڑکا اور لڑکی اچھے دوست نہیں ہوسکتے؟’
واضح رہے کہ اداکارہ پریتی زنٹا کی شادی فروری 2016 میں ہوئی تھی جس کے بعد ان کے ہاں نومبر 2021 میں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی۔