دس سال بھی قید ہو، سگار ساتھ رکھوں گا، شیخ رشید


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھے 10 سال بھی قید ہو، میں سگار ساتھ رکھوں گا۔ احاطہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک کو خطرہ ہے، جان کو خطرہ ہے، ملکی سلامتی کو خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو مسلط کیا گیا ہے ان سے ملک کو خطرہ ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مجھے دس سال بھی قید ہو، میں سگار ساتھ رکھوں گا۔علاوہ ازیں جب صحافی نے گرفتاری کے دوران راولپنڈی پولیس کی موجودگی سے متعلق پوچھا تو شیخ رشید نے جواب دیا کہ نہیں راولپنڈی پولیس کا کوئی بندہ ساتھ موجود نہیں تھا۔
شیخ رشید نے کہا کہ رات کو اسلام آباد پولیس اور کچھ بغیر وردی کے لوگ آئے، میرے پاس تمام وڈیوز موجود ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ شب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو گرفتار کیا گیا۔ان کے قبضے سے اسلحہ اور شراب برآمد ہوئی، جس کے بعد انہیں اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کا دعویٰ تھا کہ شیخ رشید نشے کی حالت میں تھے، ان کے پاس سے مہنگے برانڈ کی شراب برآمد ہوئی، اس کے علاوہ شیخ رشید کے قبضے سے ایم 4 رائفل، کلاشنکوف اور آٹو میٹک گن بھی برآمد کی گئی۔
آج شیخ رشید کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کیا گیا، جہاں پراسیکیوٹر نے ان کی 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔تاہم عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد پراسیکیوٹر کی 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شیخ رشید کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔