عمران خان حکومتی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے، اسد عمر
لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کروانے کا پابند ہے، معاشی حالات اس میں آڑے نہیں آسکتے۔ جمعرات تک پنجاب میں انتخابات کا فیصلہ ہوجائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کارکنوں کو الیکشن کی تیاری کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 90 روز میں ضمنی انتخابات ہونا کلئیر ہوچکا ہے، قومی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کی تاریخ دے چکا ہے۔اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر امید کرتے ہیں کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا، گورنر اور الیکشن کمیشن مانتے ہیں کہ انتخابات 90 دن میں ہونے چاہئے لیکن تاریخ دینے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن خود لکھ کر دے چکا ہے کہ تیاری کیلئے 54 روز درکار ہیں، حکومت جان بوجھ کر ابہام پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے، ہمارے رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں تو کیسے انکے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 7 فروری کو آل پارٹی کانفرنس (اے پی سی) طلب کی تھی، جس میں عمران خان کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔