اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز پنجاب حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے متحرک

لاہور (قدرت روزنامہ)اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف پنجاب حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے متحرک ہوگئے ، اپوزیشن لیڈر کی ہدایت پر مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی اجلاس طلب کرنے کے لیے ریکوزشن دینے پر غور شروع کر دیا ۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن ستمبر کے دوسرے ہفتے میں پنجاب اسمبلی اجلاس طلب کرنے کے لیے ریکوزشن جمع کرائے گی ۔ ریکوزشن میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ، امن و امان کی صورتحال ، خصوصاً خواتین سے بڑھتے ہوئے زیادتی کے کیسسز کے حوالے سے ایوان میں فوری بحث کا مطالبہ کیا جائے گا ۔

مسلم لیگ ن ریکوزشن جمع کرانے کے حوالے سے پیپلزپارٹی کو بھی اعتماد میں لے گی ۔ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے سٹاف نے ریکوزشن جمع کرانے کی تیاریاں شروع کر دیں ۔

دوسری جانب ، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماوں نے پی ٹی آئی کی حکومت پر کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ہار اور جیت سے ڈر نہیں ، کینٹ سمیت دیگر حلقوں سے بھی کامیاب ہوں گے ۔ حکومت دھاندلی کے جو پروگرام بنارہی ہے اس سے باز رہے ۔