صدر عارف علوی ’’آ بیل مجھے مار‘‘ والے کام نہ کریں،رانا ثناء اللہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے صدر مملکت عارف علوی کو مشورہ دے دیا . تفصیلات کے مطابق رانا ثناء اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صدر عارف علوی ’’آ بیل مجھے مار‘‘ والے کام نہ کریں،آئین کی حد میں رہیں اور صدر کے دفتر کو بلیک میلنگ کا اڈہ نہ بنائیں .

الیکشن کی تاریخ دینے سے متعلق عارف علوی کا کوئی لینا دینا نہیں،صدر خواہ مخواہ ٹانگ نہ اڑائیں،صدر الیکشن کمیشن کو غیر آئینی احکامات کیلئے مجبور نہیں کر سکتا .
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آپ کا غلام نہیں جو آپ کہیں وہ مان لے،عمران خان نے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا،اب ریاستی سربراہ کے منصب کو سازش کیلئے استعمال کر رہے ہیں . جبکہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ ایوان صدر،ایوان سازش بن چکا ہے،الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اسے ٹائیگر فورس نہیں بننے دیں گے .
عارف علوی صدر مملکت بنیں،عمران خان کی کٹھ پتلی نہ بنیں،صدر عارف علوی کی وفاداری آئین کے ساتھ ہونی چاہیے . وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صدر قومی اسمبلی تحلیل کر کے پہلے آئینی شکنی کر چکے ہیں،سپریم کورٹ کی تشریح کے بعد صدر کا عہدہ علامتی ہے،کسی ایک جماعت کے ساتھ ساز باز صدر کے منصب کی خلاف ورزی ہے . یاد رہے کہ ایوان صدر میں پنجاب اور خیبر پختو نخوا انتخابات سے متعلق مشاورت کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے .
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمشین میں اجلاس ہوا،اجلاس میں الیکشن کمیشن نے ایوان صدر میں صدر مملکت کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا . الیکشن کمیشن گزشتہ روز صدر عارف علوی کو بھجوائے گئے مؤقف پر قائم ہیں . الیکشن کمشین کے مطابق حکام ایوان صدر کے اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے . ذرائع الیکشن کمیشن کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ صوبائی انتخابات کی تاریخ سے متعلق کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہے،بہتر یہی ہے کہ عدالت سے معاملہ نمٹنے کے بعد ہی تاریخ پر فیصلہ کیا جائے .

. .

متعلقہ خبریں