آج جو مہنگائی اور بے بسی ہے اس پر جے آئی ٹی بنائی جائے،جاوید لطیف کا نرالہ مطالبہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر جاوید لطیف نے مہنگائی سے متعلق نرالہ مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج جو مہنگائی اور بے بسی ہے اس پر جے آئی ٹی بنائی جائے۔ملک کو اس وقت متعدد چیلنجز درپیش ہیں،ریاست کا آئین سب سے مقدم ہوتا ہے۔
آج جو آڈیو،ویڈیو آ رہی ہے کیا ان کے کیلئے جے آئی ٹی نہیں بن سکتی؟ جو آئین شکن ہیں وہ آئین کی آڑ میں واردات کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلیک میلنگ سے قرضے نہیں اتار سکتے،بلیک میلنگ سے معیشت اور ریاست نہیں چلائی جا سکتی۔عمران خان اداروں سے اپنی مرضی کے فیصلے چاہتے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی پیٹرول لئے آگ پر تیل چھڑکنے کے لیے بے تاب ہیں،ہدایت کار اور سہولت کار عمران خان کو مکمل سہولت دے رہے ہیں۔
دوسری جانب نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو صادق اور امین قرار دلوانے والے آج منہ چھپا رہے ہیں،عمران خان سچے ہوتے تو عدالتوں میں آ کر ٹیریان کیس،توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کیس سے متعلق حساب دیتے۔ مریم نواز نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کا نمائندہ،سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے بات کیا کرتا تھا،جس قانون کے ہاتھ پہلے فولاد کے ہوتے تھے وہ آج کمزور کیوں پڑ گئے ہیں؟اس وقت تو قانون نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کی عینک پہنی ہوئی تھی۔
جبکہ راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک کو ’عمران دار‘ نہیں ایماندار ججز کی ضرورت ہے،الیکشن میں معلوم ہو گا کہ مسلم لیگ ن کے پاس نوجوانوں کی فوج ہے، عمران خان سے پہلے جب نواز شریف تھا تو کیا مہنگائی تھی؟ غریب پیٹ بھر کر سوتا تھا لیکن جب سے عمران خان آیا مہنگائی جان نہیں چھوڑ رہی،عمران خان کو آئی ایم ایف کے سامنے نہیں لانا چاہیے تھا؟ لیکن وہ بنکر میں بیٹھ گیا۔