سوارا بھاسکر اور فہد احمد کی شادی پر تنازع کھڑا ہوگیا


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر اور بھارتی سماج وادی پارٹی کے رہنما فہد احمد کی حال ہی میں ہونے والی شادی پر تنازع کھڑا ہوگیا۔شکاگو میں مقیم اسلامک اسکالر یاسر ندیم الواجدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پو ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی شادی کو غیر اسلامی اور غیر شرعی قرار دیتے ہوئے ٹوئٹس کا سلسلہ شروع کر دیا۔
اسلامک اسکالر یاسر ندیم الواجدی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اگر سوارا بھاسکر مسلمان نہیں ہیں اور ان کا شوہر مسلمان ہے تو یہ شادی غیر اسلامی ہے۔ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’اگر وہ صرف شادی کی خاطر اسلام قبول کرتی ہیں تو یہ اللہ کو بھی قبول نہیں ہے‘۔


ایک اور ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے نوبیاہتاجوڑے کو مبارک باد دینے والوں اور اس شادی پر خوش ہونے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایسے لبرلز کو اپنے آپ کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ قانونی اعتبار سے وہ آزاد ہیں لیکن بحثیت مسلمان، اس میں خوش ہونے والی کوئی بات نہیں ہے۔


ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے آزادانہ اختیارات کو مکمل آزاد نہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’سوارا بھاسکر کی شادی قانونی ہے لیکن غیر اسلامی اور غیر شرعی ہے۔ ان کی شادی ہمارے لیے ایک موقع ہے کہ ہم اپنے مسلمان بھائیوں کو یہ یاد کروا سکیں کہ اللہ کی جانب سے منع کردہ چیزوں کو معمول بنانے سے بعض رہیں‘۔


یاد رہے کہ چند دن قبل بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے اپنے پرانے دوست اور نوجوان سیاستدان فہد احمد سے کورٹ میرج کا اعلان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کیا تھا۔