اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی احتساب بیورو (نیب) کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے والے آفتاب سلطان نے استعفیٰ دینے کی وجہ بتا دی . آفتاب سلطان نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں نے کچھ دن پہلے ہی استعفیٰ دے دیا تھا .
انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ چیزوں کے بارے میں کہا گیا جو مجھے قبول نہیں تھیں، میں شرائط کےساتھ کام جاری نہیں رکھ سکتا .
قومی احتساب بیورو کے سابق چیئرمین نے مزید بتایا کہ میرا استعفیٰ قبول کر لیا گیا ہے، ہمارا اختتام اچھے موڑ پر ہوا ہے . آفتاب سلطان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے میرے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، میری بھی ان کے لیے نیک خواہشات ہیں . واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین آفتاب سلطان نے استعفیٰ دے دیا ہے .
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے ملاقات کی اور اپنا استعفیٰ پیش کیا . ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہبازِ شریف نے چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے .