اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے جیل بھرو تحریک میں خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کی ہدایت کردی . اسلام آباد میں وزیر داخلہ کی زیر صدارت ملک میں امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے تناظر میں صورتحال پر بریفنگ دی گئی .
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ جیل بھرو تحریک کے اصل مقاصد ڈرامہ رچانا، امن وامان کی صورتحال متاثر کرنا اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے . انہوں نے ہدایت کی کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف شواہد اکٹھے کیے جائیں جبکہ خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کیا جائے .
وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف شواہد اکٹھے کرکے عوام کے سامنے لائے جائیں . اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے گا، قانون توڑنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا .
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ امن دشمنوں کا ریکارڈ رکھا جائے اور اسے ان کے کیریکٹر سرٹیفکیٹ میں واضح کیا جائے گا .