اشنا شاہ اور حمزہ امین کی پہلی ملاقات کہاں ہوئی؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز اندسٹری کی خوب رو اور جلد رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ اشنا شاہ نے منگیتر حمزہ امین سے ہونے والی پہلی ملاقات کا احوال بتا دیا۔نجی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں میزبان کے سوال پر اپنے ہونے والے شوہر حمزہ امین کے حوالے سے گفتگو کی اور اُن سے ہونے والی اپنی پہلی ملاقات کے بارے میں بھی بتایا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ گالف کے کھلاڑی ہیں اور آسٹرین پاکستانی ہیں، ان کی والدہ آسٹرین ہیں جبکہ والد پشتون ہیں، ان سے گزشتہ برس پہلی ملاقات کراچی میں ہوئی تھی۔اُس کے کچھ عرصے بعد حمزہ نے پرپوز کیا اور پھر کچھ مہینوں بعد تمام رشتہ داروں کی موجودگی میں ہماری منگنی ہوئی اور اب کچھ ہی دنوں میں ہماری شادی ہونے والی ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ اشنا شاہ نے اداکاری کا آغاز 2013 میں ڈرامہ سیریل میرے خوابوں کا دیا سے کیا تھا، جس کے بعد اُن کے کئی ڈرامہ سیریل نشر ہوئے لیکن انہوں نے جیو پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل بشر مومن سے شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔ان کے بہترین ڈرامہ سیریل میں الف اللہ اور انسان، بلا، آخر کب تک، پری زاد اور حبس شامل ہیں۔