پی ٹی آئی رہنماؤں کیلیے بدین جیل کھول دی ہے، ناصر حسین شاہ
کراچی(قدرت روزنامہ) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے پاکستان تحریک انصاف کی ’جیل بھرو تحریک‘ پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔ناصر حسین شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جن پی ٹی آئی رہنماؤں کا تعلق سندھ سے ہے اُن کیلیے بدین جیل کھول دی ہے، مچھر مار اسپرے جیل میں کروا دیا ہے پھر بھی چھپکلی، سانپوں اور کاکروچ سے ڈرنے والے سوچ سمجھ کر آئیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بدین اوپن جیل بہت بڑا ہے یہاں پی ٹی آئی کے شوقیہ قیدی کھیتی باڑی کر سکتے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں دیوار پھلانگ کر بھاگنے والے بدین جیل میں خوش رہیں گے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ امید ہے گرفتاری دینے والے ضمانت کی درخواستیں نہیں دیں گے، عمران خان کی نااہلی کی صورت میں پی ٹی آئی کی صدارت پرویز الٰہی کریں گے۔