ہتھکڑی کو چوم کر آزادی کا پیغام دیں گے، فواد چوہدری


لاہور (قدرت روزنامہ)تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہتھکڑی کو چوم کر آزادی کا پیغام دیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کا دوسرا دن آج پشاور کے نام ہو گا، خیبرپختونخواہ کی قیادت اور کارکنان آج پشاور میں گرفتاریاں دیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہتھکڑی کو چوم کر آزادیوں کا پیغام دیں گے، انشاللہْ لاہور کی طرح پشاور بھی انصاف کیلئے اور مہنگائی کے خلاف گرفتاریوں کی اس تحریک کیلئے باہر نکلے گا۔


ان کا کہنا تھا کہ پوری کائنات پر حاکمیت صرف اللہ تعالیٰ کی ہے، یہ پاکستان کے عوام کی مرضی ہے کہ وہ ایک نظم قائم کرے جس میں ریاست اپنے اختیارات عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی۔


انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں کابینہ نامزدگی کی بنیاد پر ہے۔ آئین اس کی اجازت صرف 90 دنوں کیلئے دیتا ہے اور وہ بھی اس شرط پر کہ وہ کوئی پالیسی فیصلہ نہیں کریں گے۔


فواد چوہدری نے کہا کہ وہ پانچ جج صاحبان جنہوں نے اسپیکر کی رولنگ کو مسترد کر کے موجودہ حکومت اور کابینہ کی تشکیل کی بنیاد رکھی وہ اس نو رکنی بنچ کا حصہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف تو ان جج صاحبان پر کوئی اعتراض نہیں کر رہی، پھر اور ان کے مخصوص صحافی سپریم کورٹ کو متنازعہ کیوں بنا رہے ہیں؟