شرجیل میمن کا عمران خان کو تھیٹر کمپنی کھولنے مشورہ


کراچی (قدرت روزنامہ)وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ نوٹنکی باز عمران نیازی کو چاہیے کہ تھیٹر کمپنی کھول لے۔ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کی نام نہاد جیل بھرو تحریک کا تماشہ آج پشاور میں لگنے جا رہا ہے، انہوں نے توشہ خانہ گرفتاری سے بچنے کے لیے جیل بھرو تحریک کا شوشہ چھوڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور سے کل صرف 77 لوگ کوٹ لکھپت جیل پہنچے ہیں، پی ٹی آئی کے دھرنوں اور لانگ مارچ کی طرح جیل بھرو تحریک بھی ناکام ہو گئی، سڑکوں اور شاہراہوں کے بجائے تھیٹر ہال میں نوٹنکی لگائے۔شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان کے روز روز کے تماشوں سے میڈیا، انتظامیہ اور قوم کا وقت ضائع ہو رہا ہے، جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے بجائے انہوں نے سرکس لگایا ہوا ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ملک میں سیلاب اور بارشوں سے تاریخی تباہی ہوئی، لیکن نیازی جلسے جلوس اور نوٹنکی کرتا رہا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان پولیس لائن مسجد پشاور کے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کے بجائے سازشوں کا راگ الاپتے رہے، ان کو قوم کا کوئی درد نہیں اور نہ ہی عوام کے مسائل میں دلچسپی ہے۔