پولیس کا عالیہ بھٹ کو نجی تصاویر شائع کرنے کیخلاف شکایت درج کروانے کا مشورہ


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کے نجی زندگی کی تصاویر آن لائن میڈیا پورٹل پر شائع کرنے پر غصے کے اظہار کے بعد ممبئی پولیس نے اداکارہ کو شکایت درج کروانے کا مشورہ دے دیا۔آن لائن میڈیا پورٹل کی جانب سے وائرل کی گئی تصاویر میں عالیہ بھٹ اپنے پرائیویٹ ٹائم میں گھر کے لِوِنگ روم میں نظر آ رہی ہیں۔
عالیہ بھٹ نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ میں ایک نارمل دوپہر کے وقت اپنے گھر کے لِوِنگ روم میں بیٹھی ہوئی تھی کہ مجھے محسوس ہوا کہ مجھے کوئی دیکھ رہا ہے میں نے اوپر دیکھا تو سامنے والی بلڈنگ پر دو کیمرا مین اپنے کیمرے لیے میری تصاویر بنا رہے تھے۔
انہوں نے لکھا کہ کونسی دنیا میں آپ کو اس بات کی اجازت ہوتی ہے؟ یہ براہ راست کسی انسان کی نجی زندگی میں مداخلت ہے۔

عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام سٹوری میں لکھا کہ ایک لکیر ہوتی ہے جسے آپ کراس نہیں کر سکتے لیکن یہاں تو ساری لکیریں عبور کر لو پھر بھی آپ محفوظ رہتے ہیں۔
عالیہ بھٹ کی جانب سے میڈیا پورٹل پر اپنی نجی زندگی کی تصاویر شائع کرنے پر غصے کا اظہار کرنے کے بعد ممبئی پولیس نے اداکارہ سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں میڈیا پورٹل کے خلاف بغیر اجازت اپنی نجی زندگی کی تصاویر شیئر کرنے کیخلاف شکایت درج کروانے کا مشورہ دے دیا۔
پولیس کی جانب سے رابطہ کرنے پر اداکارہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کی پی آر ٹیم متعلقہ میڈیا پورٹل سے رابطے میں ہے۔