جیل بھرو تحریک؛ پی ٹی آئی رہنماؤں کے اہلخانہ رہائی کیلیے عدالت پہنچ گئے


لاہور(قدرت روزنامہ) جیل بھرو تحریک میں تحریک انصاف کے گرفتار رہنماؤں کے اہل خانہ نے رہائی کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اعجاز چوہدری، اسد عمر. ولید اقبال سمیت دیگر کے اہل خانہ نے رہائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے اور بیٹی نے اپنے والد کی کی رہائی کے لیے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو حبس بے جا میں رکھا گیا ہے ۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں کو بدھ کو لاہور سےپولیس نے حراست میں لیا اور ہمیں نہیں بتایا جا رہا کہ ہمارے رہنما کہاں ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو حبس بے جا سے بازیاب کروا کر رہا کرنے کا حکم دے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے اہل خانہ کی جانب سے رہائی کے لیے دی گئی درخواستوں پر سماعت کل جمعہ کے روز ہوگی۔