عمران خان کا سندھ کے تمام اضلاع کے دورے کرنے کا اعلان


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے جلد سندھ کے تمام اضلاع کے دورے کرنے کا اعلان کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی کی وفد کے ہمراہ زمان پارک لاہور میں ملاقات ہوئی جس میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین عمران خان نے لیاقت جتوئی اور غوث علی شاہ کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ممبر بنانے کا فیصلہ کیا اور صوبائی صدر علی زیدی کو عام انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت دی۔سابق وزیراعظم عمران خان نے علی زیدی کو سندھ کے لیے پارلیمانی بورڈ تشکیل دینے کی بھی ہدایت کردی۔
ووٹ کی طاقت سے سندھ میں زرداری مافیا کو شکست دیں گے
ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگ امپورٹڈ حکومت اور زرداری مافیا سے نجات چاہتے ہیں۔تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ کی قیادت زرداری مافیا کے خلاف جہاد کررہی ہے، ووٹ کی طاقت سے سندھ میں زرداری مافیا کو شکست دیں گے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف سے سندھ کے عوام کی امیدیں وابستہ ہیں۔ جیل بھرو تحریک نے ملک میں انقلاب کا آغاز ہے۔
واضح رہے کہ وفد میں سابق وزرائے اعلیٰ سندھ غوث علی شاہ اور لیاقت جتوئی موجود تھے۔اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما شیر محمد رند، آغا ارسلان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔