اداکارہ صوفیہ مرزا کیس، عدالت نے ایف آئی اے کا چالان واپس کردیا


لاہور (قدرت روزنامہ)جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور کی عدالت نے عمر فاروق ظہور اور صدف ناز کے خلاف چالان وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور کو واپس کردیا۔اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کے پاسپورٹ اور دستاویزات میں جعل سازی کے کیس کی جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور کی عدالت میں سماعت ہوئی۔
ایف آئی اے نے صوفیہ مرزا کے سابق شوہر عمر فاروق ظہور اور صدف ناز کے خلاف چالان پیش کیا تھا۔جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے علاقائی دائرہ اختیار کی روشنی میں ایف آئی اے لاہور کو چالان واپس بھجوادیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ٹرائل کے دوران ایف آئی اے کے گواہ نے دستاویزات میں تبدیلی کا واقعہ کراچی، اسلام آباد میں ہونے کا بیان دیا۔
عدالت نے کہا کہ ایف آئی اے کے گواہ نے صوفیہ مرزا کی بچیوں کی بیرون ملک روانگی کراچی ایئرپورٹ سے ہونا تسلیم کیا۔عدالت نے کہا کہ کیس کی سماعت کا دائرہ اختیار لاہور کی عدالت میں نہیں بنتا۔