پاکستان کیخلاف سازشوں پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے، فواد چوہدری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سازشوں پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا فریم ورک تیار ہے اور متعلقہ تنظیموں سے رائے مانگی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پی این ای، پی بی اے کے ساتھ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پر میٹنگ کی گئی، وزیر اعظم چاہتے ہیں میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق اتفاق رائے سے آگے بڑھیں۔ کچھ لوگ چاہتے ہیں کسی بھی قسم کی ریگولیشن نہیں ہونی چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغان جنگ میں 150 بلین ڈالرکا نقصان ہوا جبکہ 80 ہزارجانوں کی قربانیاں دیں لیکن اس کے باوجود ہم ایف اے ٹی ایف کی فہرست میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازشوں پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔ پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کیا گیا تاہم ہم نے پاکستان کے خلاف سازشوں کو مل کر ناکام بنانا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان پر پابندیوں سے متعلق ٹرینڈ افغانستان سے چلایا گیا اور ٹرینڈ کی سہولت کاری بھارتی خفیہ ایجنسی را کر رہی تھی۔ میڈیا وار گیم چل رہی ہے اور میڈیا کو بطور ٹول استعمال کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے خلاف آرٹیکل چھپتے ہیں مگر ہمارا مؤقف نہیں آتا۔ میڈیا ورکرز کے حقوق اور فیک نیوز پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔