سری دیوی کی کس بات سے سجل علی اب تک متاثر ہیں؟


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ سجل علی نے اپنی نئی فلم کی تشہیری مہم کے دوران آنجہانی سری دیوی کے ساتھ کام کئے ہوئے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سری دیوی نے ماں کی طرح میرا خیال رکھا، ان کی اسی بات نے میرا دل لے لیا تھا۔برطانوی ادارے بی بی سی ایشیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سجل علی نے فلم موم کے سیٹ سے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے آنجہانی اداکارہ سری دیوی کو ماں کا درجہ دے دیا۔
انہوں نے بتایا کہ فلم موم کی شوٹنگ کے دوران سری دیوی ان کا ویسے ہی خیال رکھتی تھیں جیسے ایک ماں اپنی بیٹی کا رکھتی ہے۔
سجل علی نے بتایا کہ لیجنڈری اداکارہ کو ان کے لباس سے لے کر ان کی لکس تک ہر ایک جیز کی فکر رہتی تھی، فلم کی شوٹنگ کا واقعہ یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فلم میں ایک سین کے دوران انہوں نے لال رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا اور شوٹ کے لئے تیار تھیں کہ سری دیوی ان کے پاس آئیں اور بتایا کہ اگر وہ بالوں کو curly کرلیں گی تو زیادہ اچھی نظر آئیں گی۔
سجل علی نے کہا کہ لیجنڈری اداکارہ کو ایسا کرنے کی ضرورت نہیں تھی وہ صرف ایک ساتھی اداکارہ تھی لیکن انہیں میری فکر رہتی تھی اس لئے انہوں نے میری بہترین رہنمائی کی، ان کی اس بات نے میرا دل لے لیا تھا۔
سجل علی کے مطابق انہوں نے بالکل ویسا ہی برتاؤ کیا جیسے کوئی ماں کرتی ہے ، انہوں نے ایسی بہت سی باتیں بتائیں جو ان کے کیرئیر کے لئے مدد گار ثابت ہوئیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ فلم موم کے دوران نہ صرف سری دیوی بلکہ ان کی بیٹی اور بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جھانوی کپور کے ساتھ بھی بہترین تعلق قائم ہوا۔