پنجاب

عدالتوں پر دباؤ بڑھایا گیا تو ملک گیر احتجاج کریں گے،فواد چوہدری


لاہور (قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے ماضی میں بھی سپریم کورٹ پر حملہ کیا،عدالتوں پر دباؤ بڑھایا گیا تو ملک گیر احتجاج کریں گے،آئین بچانے آخری امید سپریم کورٹ ہے۔ تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختوا انتخابات پر ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ فل کورٹ بنایا جائے،امید کرتے ہیں کہ عدالتیں حکومت کا دباؤ نہیں لیں گی۔
ہم نہیں کہتے ہیں کسی جج کو بینچ میں رکھنا یا نکالنا چاہیے،ن لیگ کا مقصد عدالتوں کو کمزور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما اور کارکن مختلف جیلوں میں قید ہیں،ملکی تاریخ میں اتنی بڑی تشدد کی مہم کبھی نہیں ہوئی۔جیل بھرو تحریک کا مقصد قانون اور آئین کی عملداری ہے،حکومت اس وقت سازشوں میں لگی ہوئی ہے،سیاسی قیدیوں کیساتھ دہشتگردوں جیسا سلوک نہیں اپنایا جا سکتا،ہماری لیڈرشپ نے رہائی کی پیشکش مسترد کر دی ہے۔
قبل ازیں فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے 200 سے زیادہ سیاسی کارکن مختلف جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں،ان رہنماؤں میں شاہ محمود قریشی،اسد عمر اور صف اوّل کی دیگر قیادت شامل ہے۔ زلفی بخاری،صداقت عباسی اور فیاض الحسن چوہان سمیت دیگر رہنماؤں کو رات گئے شاہ پور جیل منتقل کیا گیا۔ ’’جیل بھرو زندان بھرو تحریک ‘‘ کا مقصد عوام کے سیاسی اور معاشی حقوق کیلئے جدوجہد کا شعور ہے،فسطائی حکمرانوں سے آزادی ہماری منزل ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت نے عدلیہ کیخلاف محاذ کھول دیا،مریم نواز کا خیال ہے کہ عدلیہ کو دباؤ میں لے آئیں گی،اپنی کارکردگی کو دوسروں کو گالیاں دے کر چھپانا بے ہودہ اسکیم ہیں۔ پی ڈی ایم کی حکومت عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی کیلئے تیار ہو گئی ہے،مریم نواز بیانات کے ذریعے عدلیہ کو دباومیں لانے کی کوشش کررہی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ دوسرو ں کو برابھلا کہہ کر یہ اپنی کارکردگی سے منہ چھپانا چاہتے ہیں،جن ججز نے قاسم سوری کی رولنگ کو کالعدم قرار دیا تو وہ بھی اس بینچ کا حصہ ہیں،ڈپٹی اسپیکرکی رولنگ کالعدم قرار دینے کیخلاف پی ٹی آئی نے کوئی محاذ نہیں کھولا۔

متعلقہ خبریں