بارکھان میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق، 12 زخمی


بارکھان (قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق بارکھان کی تحصیل رکھنی کے بازار میں حجام کی دکان کے باہر کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکا ہوا۔
بارکھان پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں 2 بچیا ں بھی شامل ہیں۔واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ، ر یسکیو کے عملے اور لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا جہاں سے شدید زخمیوں کو ڈی جی خان اسپتال روانہ کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور آمدو رفت مکمل طور پر معطل کر دی، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں ۔دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی، جبکہ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کی مذمت
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بارکھان میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔کوئٹہ سے جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے رکھنی دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار بھی کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو دھماکے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔