واٹس ایپ صارفین کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے کو تیار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیغام رسانی کی معروف ایپ واٹس ایپ بہت جلد اپنے صارفین کا دیرینہ مطالبہ ماننے کو تیار ہے۔واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک ایسا فیچر تیار کر رہا ہے جس میں اب جلد کالز کو بھی شیڈول کیا جا سکے گا۔ صارفین اپنی مرضی کے وقت اور دن پر کال کو شیڈول کر سکیں گے۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ پر گروپ کالز کو شیڈول کرانے کے فیچر پر کام شروع کر دیا ہے جس میں گروپ کے تمام اراکین کی رضامندی سے ایک وقت اور دن کا انتخاب کر کے کال شیڈول کی جا سکے گی۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی جانب سے جاری کردی اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح صارفین گروپ کال کا ٹائٹل، تاریخ اور وقت منتخب کرسکیں گے۔ یعنی جس موضوع پر کال کرنا ہو گی اسے ٹائٹل میں لکھا جائے گا اور گروپ اراکین کی رضامندی سے وقت اور تاریخ کا بھی انتخاب ہو سکے گا۔واٹس ایپ نے تاحال یہ اعلان نہیں کیا کہ یہ فیچر صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جائے گا تاہم امید ہے کہ آنے والے چند دنوں میں ہی اس فیچر کو متعارف کرا دیا جائے گا۔