پنجاب، کے پی انتخابات: مسیحی برادری نے صدرکی دی گئی تاریخ بدلنےکیلئے درخواست دائرکردی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عام انتخابات کے لیے ازخود نوٹس کیس میں اقلیتی برادری نے فریق بننے کی درخواست کردی۔سیموئیل پیارا نامی شخص کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب اور کے پی میں عام انتخابات سے مسیحی برادری کےحقوق بھی جڑے ہیں۔
درخواست گزار نےکہا کہ صدرپاکستان کی دونوں صوبوں میں عام انتخابات کی دی گئی تاریخ کو تبدیل کیا جائے، 9 اپریل مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹرکا دن ہے اور دونوں صوبوں کی مسیحی برادری ایسٹر کے تہوارمیں مصروف ہوگی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ سات اپریل کو گُڈ فرائی ڈے کا دن بھی مقدس دن ہے،دونوں صوبوں میں اس لیے7 یا 9 اپریل کو عام انتخابات نہ کرائے جائیں، مسیحیوں کے حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست گزار کو ازخود نوٹس میں فریق بنایا جائے۔