غریب ڈیفالٹ ہوگیا، ملک ڈیفالٹ ہونے کے دہانے پر ہے: شیخ رشید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں 42 فیصد مہنگائی بڑھ گئی جھانسی کی رانی کا 18 گاڑیوں کا شہانہ سکیورٹی سکوارڈ بڑھ گیا، غریب ڈیفالٹ ہوگیا ہے، ملک ڈیفالٹ ہونے کے دہانے پر ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ سپریم کورٹ آئین اور قانون کی بالادستی قائم کرے گی تو ملک میں معاشی اور اقتصادی استحکام آئے گا، 90 روز میں انتخابات آئین اور قانون کی ریڈلائن ہے۔


انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم فیصلہ کر لے انتخاب، احتساب یاعذاب میں جانا ہے، دیکھنا ہوگا کہ ملک کو سول نافرمانی کی طرف کون اور کیوں لے کر جا رہا ہے، اب عدالتوں پر حملہ ہوا تو لگ پتا جائے گا۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ساری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہی ملک بچا سکتا ہے، حکمران سپریم کورٹ کو تقسیم کر کے 1997 کی تاریخ دہرانا چاہتے ہیں لیکن ناکام ہوں گے۔