200 کروڑ کی منی لانڈرنگ کا کیس: ملزم سکیش کا جیکولین کے حق میں بیان


نئی دہلی(قدرت روزنامہ)200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث گرفتار ملزم سکیش چندر شیکھر نے اداکارہ جیکولین فرنینڈس کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کی تردید کر دی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملزم سکیش چندر شیکھر کو نئی دہلی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
سکیش چندر شیکھر نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا کہ جیکولین فرنینڈس کا 200 کروڑ روپے کی اس منی لانڈرنگ کے کیس سے کوئی تعلق نہیں اور اُنہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، میں یہاں ان کی حفاظت کے لیے موجود ہوں۔یاد رہے کہ اس سے قبل عدالت میں پیشی کے موقع پر ملزم نے رپورٹر کے ذریعے اداکارہ کو ویلنٹائن ڈے پر وِش بھی کیا تھا۔
جیکولین فرنینڈس پر ملزم چندر شیکھر سے مہنگے تحائف وصول کرنے کے الزامات ہیں جبکہ چندر شیکھر پر کروڑوں روپےکے فراڈ اور بھتہ خوری کے الزامات ہیں۔واضح رہے کہ مذکورہ کیس کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ پہلے ہی جیکولین فرنینڈس کی جائیداد ضبط کر چکا ہے جبکہ ان سے پوچھ گچھ بھی کی جا چکی ہے۔