گینگ آف فائیو کی اگلی نسل بھی آنکھیں دکھا رہی ہے: شیخ رشید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گینگ آف فائیو کی اگلی نسل بھی آنکھیں دکھا رہی ہے، ایک چوری اوپر سے سینہ زوری . سپریم کورٹ کے احاطہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کل کے الیکشن نے ثابت کیا ہے کہ یہ اور بھاگیں گے، سارے راستے اس عدالت سے نکلیں گے .


انہوں نے کہا کہ ملک لوٹ کر کھا گئے، اب کہتے ہیں ججز پر کیسز بنائیں گے، اللّٰہ کے بعد سپریم کورٹ ہی ہے، پوری قوم سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے، ان شاء اللّٰہ ان چوروں کے تابوت اسی سپریم کورٹ سے نکلیں گے، اس بلڈنگ سے آئین و قانون کا فیصلہ آئے گا .
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اس ہفتے ایک کروڑ اوورسیز کو ووٹ کا حق ملے گا اور منی لانڈرز نیب کے فیصلے بھی آجائیں گے، بلاول بھٹو سب سے پہلے اپنے باپ کے خلاف ترمیم لائیں، پاپڑ والے اور دہی بلے والے اس قابل ہو گئے ہیں کہ سپریم کورٹ کے خلاف زبان استعمال کریں .
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کامیاب ہے، گرفتاری میں زیادہ سہولت ہے، میں نے گرفتاری دی تھی، دوبارہ سسرال جانے کو تیار ہوں، کسی زمانے میں قائد اعظم بھی کانگریس میں تھے، میں مشرف کے ساتھ تھا اور میرا اس کے لیے بڑا احترام ہے، میں نے کسی ڈاکو کا ساتھ نہیں دیا . ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ لوگ صرف اپنے کیس چھڑانے آئے ہیں، چور ڈاکو لٹیرے بینچ بنا رہے ہیں، چیف جسٹس کا فیصلہ ہے کہ کون سا بینچ بناتے ہیں، عدلیہ جو فیصلے دے گی قوم کو قبول ہو گا، چوہدری نثار میرا بھائی ہے، سیاست اس کی اپنی ہے .

. .

متعلقہ خبریں