بے گانی شادی میں بن بلائے آنے والے فوٹوگرافرز کو سلام، اشنا شاہ کا ناقدین کو جواب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گزشتہ روز رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ تنقیدوں کی زد میں آگئیں۔سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اشنا شاہ اور حمزہ امین کی شادی کی مختلف تقریبات سے تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔
ایک جانب ان تصاویر اور ویڈیوز کے کمنٹس میں ان کے پرستار اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب اداکارہ کو لباس اور ڈانس پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
اداکارہ اشنا شاہ کو پاکستانی ڈیزائنر کا تیار کردہ لال رنگ کا لہنگا ، مہنگا پڑ گیا۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا جارہا کہ اداکارہ بھارتیوں سے متاثر ہیں اسی لیے اس طرح کے لہنگے اور لُکس کا انتخاب کیا ہے۔


شادی کی تقریب میں برطانوی میوزک بینڈ ’سہارا یوکے‘ کی جانب سے خوب رنگ جمایا گیا اور اشنا شاہ نے بھی خوب دھمال ڈالا تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اس بات پر بھی تنقیدوں کے نشتر چلا دیئے۔


دوسری جانب اداکارہ اشنا شاہ نے بھی تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور انسٹا اسٹوری پر انہیں بے گانی شادی میں عبداللہ دیوانہ نہ بننے کا مشورہ دے دیا۔

انہوں نے خود کو مسز امین مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’جنہیں میرے لباس سے مسئلہ ہے وہ نہ تو شادی میں مدعو تھے اور نہ ہی انہوں نے میرے جوڑے کے پیسے ادا کئے ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ میرا جوڑا اور میری جیولری خالص پاکستانی ہیں، ہاں البتہ میرا آدھا دل آسٹرین ہے۔ اللہ ہمیں خوش رکھے آمین۔
انہوں نے تصاویر وائرل کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ بے گانی شادی میں بن بلائے آنے والے فوٹوگرافرز کو سلام ہے‘۔
یاد رہے کہ اشنا شاہ نے گزشتہ برس 22 دسمبر کو سوشل میڈیا پر حمزہ امین کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی منگنی کی خوشخبری سنائی تھی۔اس سے قبل انسٹاگرام پیج پر ڈیزائنر وردا سلیم کی جانب سے ایک ویڈیو اپلوڈ کی گئی جس میں اشنا شاہ اپنے عروسی لباس کا خاکہ دیکھ کر جذباتی نظر آتی ہیں۔