عمران خان کی کیسز جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست مسترد


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی کیسز جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔تفصیلات کے مطابق سربراہ تحریکِ انصاف عمران خان کی جانب سے وکیل بابراعوان نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر درخواست دائر جس پر عدالت نے بابر اعوان کی چیئرمین پی ٹی آئی کے کل عدالت میں حاضر ہونے کی یقین دہانی پرآج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی۔
بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہے تاہم ان کی جان کی حفاظت اُس سے بھی زیادہ ضروری ہے۔بابراعوان نے کہا کہ عمران خان کل اسلام آباد کی عدالتوں میں پیش ہوں گے۔ دو کیسز کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس اور ایک کی کچہری میں ہے۔
وکیل بابراعوان نے عمران خان کے تمام کیسز جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی بھی درخواست دائرکرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ایجنسیوں نے رپورٹس میں کچہری کیلئے سیکیورٹی الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ ضلع کچہری میں پہلے بھی دہشت گردی کے واقعات ہو چکے ہیں۔ کچہری میں عمران خان کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی خطرہ ہے۔
بابراعوان نے حکومت اور انتظامیہ سے کچہری میں عمران خان کی سیکیورٹی کی گارنٹی لینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا عدالت آنا ضروری ہے لیکن جان بچانا زیادہ ضروری ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا کے وکیل نے آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے عمران خان کا پمز سے طبی معائنہ کرانے کی استدعا کی۔
عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی تاہم کیسز جوڈیشل کملیکس منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔جج نے ریمارکس دیے کہ ہمارے پاس اختیار نہیں کہ کیس ایک عدالت سے دوسرے عدالت میں منتقل کر سکیں۔