شرجیل میمن کسی دن کسی دکان پر کباب کھاکر دکھائیں، عمران اسماعیل کا چیلنج


کراچی (قدرت روزنامہ)سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صوبائی وزیر شرجیل میمن کو چیلنج دے دیا۔انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران عمران اسماعیل نے چیلنج کیا کہ شرجیل میمن کسی بھی دن کسی دکان پر کباب کھا کر دکھائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ناسور بن چکی ہے، ماضی میں مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیے گئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان دن بہ دن مقبول ہوتے جا رہے ہیں، الیکشن کا نام سن کر سب بھاگ جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عدلیہ سے انصاف کی امید ہے، ن لیگ نے ہمیشہ سے ججز کو دباؤ میں رکھنے کی کوشش کی۔
عمران اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ کیا ایک ملک کے اندر دو قانون چل سکتے ہیں؟ عمران خان کے حق میں بولنے والوں کو جیل میں ڈالا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری، اعظم سواتی اور دیگر کے ساتھ زیادتی کی گئی، اس کیس سے طے ہو گا اس وقت پاکستان میں کونسا قانون ہے۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ بینچز سے الگ ہونے کے بجائے ججز کو بیانات کا نوٹس لینا چاہیے، پاکستان مارشل لاء کے خوف سے باہر نکل گیا ہے، ملک کے مسائل کا حل شفاف الیکشن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد سندھ میں بھی جیل بھرو تحریک شروع ہوگی۔