سپریم کورٹ اہم فیصلے کے قریب ہے، شیخ رشید


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اہم فیصلے کے قریب ہے حکومت کو الیکشن کروانا پڑیں گے . سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے .


انہوں نے کہا ہے کہ یہ لوگ ایک طرف کہتے ہیں فل کورٹ بنایا جائے اور دوسری طرف کہتے ہیں کہ 2 ججوں کو ہٹایا جائے جبکہ چیف جسٹس نےکہا ہے کہ صدر بھی الیکشن کی تاریخ دے سکتے ہیں تاہم سپریم کورٹ اہم فیصلے کے قریب ہے . انہوں نے مزید کہا ہے کہ بلاول اور مریم جو زبان ججوں کے خلاف استعمال کررہے ہیں اُس سے آنے والے الیکشن کا خوف ظاہر ہوتا ہے .
شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایک طرف بچت کا نعرہ ہے دوسری طرف 85 وزراء کا جمعہ بازار لگا ہے، 65 کروڑ روپے غیرضروری وزراء نے غیر ضروری دوروں پر خرچ کیے ہیں اس میں بلاول کے اخرجات شامل نہیں ہیں .
اس سے قبل شیخ رشید نے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کا ایک ہی راستہ ہے جو سپریم کورٹ سے نکلے گا ثبوت بھی نکلیں گے اور نیب زدہ لوگوں کے تابوت بھی نکلیں گے .
شیخ رشید کی میڈیا سے گفتگو
دوسری جانب شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی ڈاکو کا ساتھ نہیں دیا، عدلیہ کا فیصلہ منظور ہوگا . جیل میرا سسرال ہے جب کہیں گے چلا جاؤں گا، اب چور ڈاکو کہیں گے کہ یہ بنچ بنے گا؟
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ چوہدری نثار میرا بھائی ہے سیاست اسکی اپنی ہے، چھوٹی سی سیاست کرتا ہوں قلم دوات پر ہی الیکشن لڑوں گا . شیخ رشید نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کہنے جارہی ہے کہ کون الیکشن کرائے گا، قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں، نیب زدہ لوگ عدالت کو آنکھیں دکھا رہے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں