کراچی، پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف مظاہرہ


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں لیاری کے علاقے بغدادی میں علاقہ مکینوں نے پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاجی مظاہرہ کیا، اس دوران کچھ لوگوں نے پیپلزپارٹی ساؤتھ کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کردیا۔
ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دفتر پر توڑ پھوڑ کے الزام میں 14 افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق احتجاج کے دوران کچھ لوگ پیپلزپارٹی ضلع ساؤتھ کے دفتر میں داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ کی اور وہاں پر موجود کارکنان پر بھی تشدد کیا۔
دوسری جانب مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ پی پی ساؤتھ کے صدر خلیل ہوت سے ملنے آئے تھے، خلیل ہوت کے دفتر میں انہیں جانے نہیں دیا گیا اور ان پر فائرنگ کی گئی۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ 9 ماہ سے پانی کو ترس رہے ہیں، پانی کی قلت پر بات کے لیے خلیل ہوت سے رابطہ کرکے انکے دفتر ملاقات کے لیے گئے لیکن ہمیں اندر نہیں جانے دیا گیا اور ہم پر فائرنگ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن اب ہم پر فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ پولیس درج نہیں کررہی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کا تعلق بھی پیپلز پارٹی سے ہے، دفتر میں موجود ایک کارکن بھی زخمی ہوا ہے، تاحال واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔