اسلام آبادہائی کورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ فیصلے کے تناظر میں درج مقدمے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست سماعت کیلئے مقررکی تھی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامرفاروق نے سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت 9 مارچ تک منظورکرتے ہوئے عدالت نے عمران خان کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
عبوری ضمانت منظورکرنے پرعمران خان نے کھڑے ہو کرعدالت کا شکریہ ادا کیا۔اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے دو درخواستوں پر بائیو میٹرک تصدیق کرانے کے بعد عمران خان کمرہ عدالت پہنچے۔
واضح رہے کہ وکیل انتظار حسین پنجوتھا نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائرکی تھی۔ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر درخواست ضمانت واپس لینے کے بعد عمران خان کے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔اسلام آبادہائی کورٹ کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، ہائی کورٹ آنے والے راستوں کو پولیس نے عام ٹریفک اور پبلک کے لیے بند کردیا اورہائی کورٹ کے چاروں اطراف پولیس کی نفری تعینات کردی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی پیشی کے موقع پروفاقی پولیس نے چار رپورٹرز کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، سابق صدر اسلام آباد ہائی کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن ثاقب بشیر پر بھی پولیس نے تشدد کیا۔
سابق سیکریٹری اسلام آباد ہائی کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن ذیشان سید، صحافی ادریس عباسی اوربول نیوزعباس شبیر کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائرکرنے سے قبل اسلام آباد کی بنکنگ عدالت اور انسدادِ دہشتگردی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی دو مختلف کیسز میں ضمانتیں منظور کیں۔